حکومت بجلی پر سبسڈی کے خاتمے کی مجبوری بتائے، فیول ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا غلط ہے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت بتائے ایسی کیا مجبوری ہے کہ بجلی پر سبسڈی ختم کی گئی۔ بجلی کی قیمتوں کے بارے میں عالمی اعدادوشمار کو دیکھیں گے، ضرورت پڑی تو اٹارنی جنرل کو بلایا جائے گا۔ 3رکنی بنچ نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے عالمی اداروں کا دبائو برداشت کیا اور بجلی پر سبسڈی برقرار رکھی، حکومتی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بجلی پر سبسڈی دی تو تعلیم کے شعبے سے پیسے نکالنے پڑیں گے۔ جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دیئے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا غلط ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو حکومت سٹاک میں رکھے تیل کی قیمت بھی بڑھا دیتی ہے، کیس کی سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کر دی گئی۔