تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، فنکشنل لیگ کا انکار، وزیراعلیٰ سندھ کا افطار ڈنر ملتوی

کراچی (آئی این پی ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور فنکشنل لیگ کے انکار کے بعد سیاسی ومذہبی قیادت کے اعزاز میں منگل کو ہونے والا افطار ڈنر ملتوی کر دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے لئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف نے گزشتہ روز ہی افطار ڈنر میں شرکت سے معذرت کر لی جبکہ مسلم لیگ ن اور فنکشنل لیگ نے بھی افطار ڈنر میں نہ جانے کا اعلان کیا۔ فنکشنل لیگ کے رہنما نندکمارنے کہا کہ لوگ پیاس اور بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے مر رہے ہیں اور حکومت سندھ افطار ڈنر کا اہتمام کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے شفیع جاموٹ نے کہا کہ حکومت سیاسی رہنماؤں کے لئے دعوت کے اہتمام سے قبل عوام کو بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔ سیاسی رہنماؤں کے بائیکاٹ کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کی معاون نادیہ گبول نے افطارڈنر کو ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افطار ڈنر کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔