آٹے کا تھیلا 10 ، ایل پی جی 5 روپے کلو مہنگی، پھل اور سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور

لاہور (کامرس رپورٹر+ نیوز رپورٹر) پنجاب کی فلور ملوں نے گزشتہ روز اوپن مارکیٹ سے خریدی جانیوالی گندم سے تیار کردہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کردیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں ریاض احمد کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈی والے آٹے کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ فلور ملوں نے اوپن مارکیٹ سے خریدی جانیوالی گندم سے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا ہے کیونکہ اسکا فی من ریٹ 1200 روپے ہے، بڑھ کر 1230 روپے ہوگیا ہے جس کے پیش نظر فلور ملوں نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 690 روپے سے بڑھا کر 700 روپے کردی ہے جبکہ پرچون سطح پر اس کا ریٹ 710 روپے سے بڑھ کر 720 روپے ہوگیا۔ دوسری طرف علامہ اقبال ٹاون،الحمد کالونی،نیلم بلاک،گارڈن ٹائون، گلبرگ، ایجوکیشن ٹاون، فیصل ٹاون، اچھرہ، سمن آباد، مزنگ اور گلشن راوی، سبزہ زارسمیت دیگر علاقوں میں دکاندار سبزیاں اور پھل مقررہ نرخوں سے 80 روپے تک سے بھی زائد فی کلو فروخت کرتے رہے۔ آلو 29 کی بجائے 38، پیاز 39 کی بجائے50، ٹماٹر 41 کی بجائے70، لہسن دیسی 90 کی بجائے 120، لہسن چائنہ 120 کی بجائے 160 روپے، ادرک سنگاپور 172 کی بجائے200، ادرک چائنہ 240روپے کلو کی بجائے 280، بینگن11روپے کی بجائے22روپے، پالک 17 کی بجائے 28 روپے، کھیرا فارمی8 کی بجائے 18 روپے، کریلے 24 روپے کی بجائے 40 روپے، لیموں دیسی 206 کی بجائے 255 روپے، پھلیاں باریک 40 روپے کی بجائے 64 روپے، بند گوبھی 36 روپے کی بجائے58 روپے، پھول گوبھی 44 کی بجائے 65 روپے، سبز مرچ 27 کی بجائے 75 روپے، شملہ مرچ 38 کی بجائے 70 روپے، اروی 66 کی بجائے 90 روپے، گھیا کدو 14 کی بجائے 24 روپے، گھیا توری 26 کی بجائے 36، مٹر 106 کی بجائے 145۔ سیب سفید 108 روپے کی بجائے 120 روپے، سیب کالا کولو پاکستانی 162 کی بجائے 250 روپے، کھجور عراقی 149 روپے کی بجائے 200 روپے، فالسہ 99 روپے کی بجائے 130 روپے، آڑو 99 کی بجائے 170 روپے، آلوبخارہ 162 کی بجائے 250 روپے، آم سندھری 96 کی بجائے 116 روپے، آم چونسہ 114روپے کی بجائے 155روپے،آم انور رٹول 116 روپے کی بجائے 156 روپے، انگور گولہ کالا 166روپے کی بجائے 270 روپے، انگور سندر خانی 245 روپے کی بجائے 325 روپے کلو فروخت کئے گئے۔ گزشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں یوٹیلیٹی سٹورز پر شہریوں کو چینی، بیسن،دال چنا نہیں ملی۔ علاوہ ازیں گیس پروڈیوسر نے ایل پی جی کی قیمت میں 5 ہزار روپے فی میٹرک ٹن کا اضافہ کردیا جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت بھی 5 روپے فی کلو بڑھا دی گئی۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 240 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ اس بارے میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے سے ایل پی جی 85 روپے فی کلو جبکہ گھریلو سلنڈر 970 روپے کا ہوگیا۔