او آئی سی کا اہم اجلاس آج ہوگا، پاکستان کشمیر اور بھارتی دھمکیوں کا معاملہ اٹھائے گا

دبئی،اسلام آباد (صباح نیوز)اسلامی ممالک تعاون تنظیم (او آئی سی ) کا ایک اہم اجلاس آج (بدھ کو) دبئی میں ہو گا ۔ جس میںمسلم دنیا کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاہم پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اجلاس میں بھارت کی حالیہ دھمکیوں کا معاملہ اور مسئلہ کشمیر اٹھائے گا۔ او آئی سی کی طرف سے دبئی میں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اجلاس آج (بدھ کو )طلب کیاگیا ہے جس میں آرگنائزیشن سے وابستہ ممالک شرکت کر رہے ہیں۔اس دوران پاکستان نے اجلاس میں بھارتی دھمکی آمیز بیانات اور مسئلہ کشمیر کواٹھانے کا فیصلہ کر لیاہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے بین الاقوامی امور طارق فاطمی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر راجیہ جے وردھن کے بیانات دھمکی آمیز ہیں تاہم پاکستان اس قسم کی دھمکیوں کو بین الاقوامی اداروں میں اٹھائے گا ۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس آج( بدھ کو )دبئی میں ہو رہا ہے اور پاکستان اجلاس میں مسئلہکشمیر کے علاوہ بھارتی دھمکیوں کا معاملہ بھی اٹھائے گا ۔طارق فاطمی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے مسئلہ کشمیر برابر لٹک رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر یہ واحد مسئلہ ہے جو حل طلب ہے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ آج بھی بہتر تعلقات کا متمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارت کی طرف سے جو دھمکی آمیز بیانات سامنے آئے پاکستان نے انہیں سنجیدگی سے لیا ہے۔