اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کھاد پر سبسڈی سکیم جاری رکھنے کی توثیق،3 لاکھ ٹن یوریا برآمد کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے فیصلہ کی روشنی میں کھاد پر سبسڈی دینے کی گزشتہ مالی سال کی سکیم کو جاری رکھنے کی توثیق کر دی ہے۔ اس کے تحت کھاد کی بوری پر 2 سو روپے سبسڈی جاری رہے گی۔ اجلاس میں 28 اپریل تک 3 لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی منظوری دی۔ برآمدی کھاد پر سبسڈی نہیں دی جائیگی۔ کھاد کی برآمد کی نگرانی سٹیٹ بینک کریگا جبکہ ’’کھاد نگران کمیٹی‘‘ ماہانہ بنیاد پر یوریا کھاد کی قیمت پر نظر رکھے گی۔ یوریا کی قیمت میں اضافہ کی صورت میں ایف بی آر کھاد کی برآمد روکنے کی سفارش کر سکے گا۔ ملک میں فاضل یوریا کھاد کی موجودگی کی وجہ سے برآمد کی اجازت دی گئی۔ اجلاس میں 2008-09 ء میں گندم کی سپلائی پر پاسکو کے واجبات ادا کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزارت فوڈ سیکورٹی اور پاسکو سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے حسابات کا تقابل کرا لیں۔