ضمنی انتخابات شفاف اور پرامن رہے، ریٹرننگ آفیسرز کیخلاف کوئی شکایت نہیں ملی: قائم مقام الیکشن کمشنر

اسلام آباد (ثناءنیوز) قائم مقام چیف الےیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات شفاف اور پر امن رہے۔ فوجی افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں جسٹس تصدق جیلانی نے کہا کہ پر امن اور شفاف انتخابات کے لیے کئی اقدامات کئے گئے تھے۔ 1840 حساس پولنگ سٹیشنوں پر تعینات فوجی افسران کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے اختیارات دئے گئے تھے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر ےا پریذائیڈنگ آفیسر کے خلاف بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔