سمیع الحق سے صاحبزادہ ابوالخیر، عبدالرحمٰن مکی کی ملاقات، مذہبی جماعتوں کا بڑا انتخابی اتحاد بنانے پر اتفاق
لاہور + اسلام آباد+ اکوڑہ خٹک (خصوصی نامہ نگار+ خصوصی نمائندہ+ آئی این پی) جمعیت علماءپاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو آئی (س) کے امیر مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیر ناصر جمیل ہاشمی، عبدالرحمن مکی، شیخ محمد یعقوب، عبدالحمید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں متحدہ مجلس عمل کی بحال کے سلسلے میں غوروخوض ہوا۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں کونسل میں شامل بہت سی جماعتوں نے کہا کہ وہ بھی الیکشن میں حصہ لیں گی لہذا اگر تمام مذہبی جماعتوں کا اتحاد بنایا جائے تو یہ زیادہ مفید ثابت ہوگا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں پہلے ہی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرچکی ہیں۔ دونوں قائدین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ایک بڑا اتحاد تشکیل دیا جائے جس میں نظام مصطفی کے نفاذ پر یقین رکھنے والی دینی اور سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جائے اور سیکولر لبرل عناصر کے خلاف ملکر الیکشن لڑا جائے۔ اکوڑہ خٹک سے آئی این پی کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمر زاخیل وال اور نائب سفیر زردشت شمس نے گذشتہ روز اکوڑہ خٹک میں جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی اور افغانستان کی تازہ بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مولانا سے اس سلسلہ میں فوری موثر کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ افغانستان میں امن و امان کی بحالی وقت کا تقاضا ہے جو نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان کے بھی فائدہ میں ہے مگر مغربی طاقتیں اپنی مقصد برآوری کے لئے مسئلہ حل کرنے نہیں دیتیں بلکہ وہ پورے عالم اسلام میں باہمی جنگ و جدال کی آگ برپا کرنے میں لگی ہوئی ہیں اسلامی ممالک کے حکمران دشمن کو سمجھنے کی بجائے ان کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں اس وقت پورے عالم اسلام اور خصوصاً پاکستان کو متفق ہوکر افغانستان میں برپا جنگ آزادی کو مثبت انجام تک پہنچانا چاہیے تاکہ روس اور امریکہ کے خلاف دی گئی لاکھوں قربانیاں ضائع ہونے سے بچ جائیں، افغان سفیر نے بھی مولانا کو یقین دلایا کہ ہم امن قائم کرنے کے لئے ہر دروازے پر جانے اور مذاکرات کے لئے تیار ہیں، افغان سفیر نے پاک افواج کے سربراہ جنرل باجوہ سے ملاقات اوران کے دورہ افغانستان کی تفصیلات اور اس کے مثبت اور بہتر نتائج رونما ہونے سے بھی انہیں آگاہ کیا۔
سمیع الحق/ ملاقاتیں