ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے کلو اضافہ
لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر + خبرنگار) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلواضافہ کردیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 30 سے 40 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 120 سے 160 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ رمضان المبارک سے قبل ایل پی جی کی قلت اور قیمتوںمیں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو رمضان المبارک سے قبل گیس کا وافر سٹاک رکھنے کا پابند کرے۔ قیمتوںمیں اضافہ کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 80 روپے فی کلوکرام جبکہ گھریلوسلنڈر کی قیمت 910 روپے ہوگئی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاورمیں 85 روپے فی کلوگرام اور گھریلوسلنڈر 970 روپے، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، ، اٹک میں 90 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 1030 روپے اور میرپور آزاد کشمیرمیں 95 روپے فی کلوگرام اور گھریلو سلنڈر 1090 روپے کا ہوگیا ہے۔