پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج ہونگے 81 ہزار ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے
لاہور (وقائع نگار خصوصی + نامہ نگاران) پنجاب بار کونسل کے آج ہونے والے انتخابات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پنجاب بھر میں81 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ کل 75 نشستوں پر 360 امیدوار میدان میں ہیں۔ لاہور ڈویژن کی 16 نشستوں پر 69 امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ امیدواروں کی جانب سے عدالتی احاطوں کے اردگرد بینرز اور پلے کارڈز آویزاں کر دئیے گئے ہیں جبکہ کارنر میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ 29 نومبر کو حتمی نتائج جاری کئے جائیں گے۔ دریں اثناء جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق پولنگ صبح 9 بجے شروع ہو گی جو شام 5 بجے تک رہے گی۔ اس موقع پر جھنگ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کرا دی گئی ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ذیشان اصغر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیض احمدکے مابین میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج 22 نومبر کو الیکشن کے موقع پر سخت ترین انتطامات کئے جائیں گے۔ ساہیوال میں پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے سلسلہ میں ساہیوال میں بھی آج پولنگ ہو گی اور پنجاب بار کی ملتان کے لئے 4 نشستوں‘ خانیوال کی 2 نشستوں‘ وہاڑی کے 2 نشستوں‘ ساہیوال کی 2 نشستوں‘ پاکپتن کی ایک سیٹ اور لودھراں کی ایک سیٹ کے لئے ساہیوال کے 1250 وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے۔ تین ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد نعیم شیخ ،شہباز احمد اور ارشد حسین بھٹی اور ایک سنیئر سول جج پریذائڈنگ آفیسر کے فرائض سر انجام دیں گے۔ مجموعی طور پر 12نشستوں کے لئے 65 اُمیدوار میدان میں ہیں۔