رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو معیار اور رفتار سے آگے بڑھایا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے اور خدمت خلق ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ مسلم لیگ ن نے اپنے ہر دور میں حکومت میں صدق دل کے ساتھ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے بڑے منصوبے لگائے ہیں۔ خالی نعروں اور تقریروں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی بلکہ اس کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ ہم صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور خدمت خلق کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوامی خدمت کے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ہمارے لگائے گئے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں اور مسلم لیگ ن کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بین الاقوامی اداروں نے بھی موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ تیز رفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور رکاوٹوں کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ آگے بڑھایا ہے اور ہمارے 4 سالہ دور کے دوران خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ ہمیں محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے ترقی کے سفر میں سب کو ایک ٹیم کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔ عالمی یوم امن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے اور آج کے دن ہمیں قیام امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت بھی پیش کرنا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مو¿ثر پالیسی پر گامزن ہے۔ شہباز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے پہلے بون میرو ٹرانسپلانٹ کی کامیابی پر ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شاعر افضل احسن رندھاوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔