زرداری کو بھی شکست دیں گے، فوج باتیں کرنے والوں سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں: عمران
کراچی (صباح نیوز+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میری جنگ شریف خاندان کیخلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے، خورشید شاہ اورنوازشریف ایک ہی چیز ہیں، الیکشن کمشن عدالت نہیں، اسکا کام انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمشن نے توہین کے معاملے میں میرے وارنٹ جاری کئے، دنیا میں ایسا کہیں ہوا، ہم پورا زور لگائیں گے، دسمبرمیں کراچی میں مزار قائد پر بڑا جلسہ کریں گے۔ یہاں ہر ماہ 4 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ کہاں جاتا ہے۔ نواز شریف کی حکومت آئی تو ہر پاکستانی35 ہزار روپے کا مقروض تھا، آج ایک لاکھ20 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ عمران نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب نوازشریف اور متحدہ کے بانی دونوں لندن میں بیٹھ کر خطاب کریں گے اور فوج کو برا بھلا کہیں گے جبکہ دونوں کے دوست مودی ہیں۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کمیشن بنا رہے ہیں۔ یہ لوگ اقامہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔ دبئی میں اکاﺅنٹ کھلوا کر پیسہ وہاں منتقل کرتے ہیں جس کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا۔ ملک کو اگر اس دلدل سے نکالنا ہے تو نوازشریف اور آصف زرداری کو شکست دینا پڑے گی۔ انہوں نے کہا سندھ میں ہرچیز پرکمشن بن رہا ہے، پیسہ دبئی جا رہا ہے، جتنی کرپشن سندھ میں ہے،کسی پاکستانی علاقے میں نہیں۔ میری توجہ اب سندھ پر ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف 30 سال سے پیسہ چوری کرکے باہر بھجوا رہے تھے،کوئی انصاف کا نظام نوازشریف پر ہاتھ نہیں ڈال رہا تھا، اب تک ہمارا فوکس نوازشریف پر تھا، اب زرداری پر ہے۔ نوازشریف نے اداروں کوتباہ کردیا، اپنی چوری بچانے کیلئے دوسرے چوروں کوبھی بچایا۔ آصف زردری اور نوازشریف ملک کو یہاں پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ میری جنگ ان دونوں کے خلاف ہے۔ عمران کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں کو اپنے سے دور کریں، ملک اب کرپشن برداشت نہیں کرسکتا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا محرم کے بعد پھر سندھ میں اگلا جلسہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے انصاف ڈھونڈنا ہے تو عدلیہ کے علاوہ کس کے پاس جائیں گے، پہلے ہم سڑکوں پر جاتے تھے تو کہتے تھے عدلیہ مےں آﺅ، اب عدلیہ کے پاس گئے تو بھی بولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر مقدمہ کرایا گیا جس پر خوشی ہے، میری جنگ باہر محلات بنانے والوں کے خلاف ہے، انہیں جیل میں ڈالیں گے۔ کوشش ہے کہ ایسا اپوزیشن لیڈر آئے جو ملک کے مسائل پر بات کرے۔ مجھے میرا جرم بتایا جائے، مجھے پتہ ہی نہیں کس بات پر وارنٹ جاری کردیئے۔ الیکشن کمشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے اور توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں پیسے چل رہے تھے تب الیکشن کمشن کو کچھ نظر نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں، اب پتہ چل گیا کون نیوز لیکس کے پیچھے تھا، کوئی ملک میں اپنی فورسز کو ایسے بدنام نہیں کرتا جیسے مسلم لیگ (ن) کررہی ہے، یہ لوگ اپنی چوری بچانے کیلئے عدلیہ اور فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ان سے زیادہ کوئی بڑا مجرم اور ملک دشمن نہیں۔ عمران نے کہا کہ آرمی چیف بار بار کہہ رہے ہیں وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ فوج اس سے بہتر اور کیا کرسکتی ہے، یہ لوگ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں جو وہ نہیں بنی اس لئے فوج کے پیچھے پڑ گئے۔ یہ لوگ اپنی ذات کے پیچھے ملک کو تباہ کررہے ہیں لیکن ہم انکے سامنے کھڑے ہوں گے۔ عمران نے کہا میں ملک میں پیسہ واپس لیکر آیا ہوں۔کرپٹ ٹولے کو میری عزت کرنی چاہئے تھی لیکن مجھ سے حساب مانگا جا رہا ہے۔ عمران نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ اپنی فورسز کیخلاف ایسا بیان کوئی نہیں دیتا۔