لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں شمالی وزیرستان میں زلزلے کے جھٹکے

لاہور (سٹی رپورٹر، نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 تھی اور اس کا مرکز حافظ آباد کے قریب تھا۔ زلزلہ شام سات بجکر 14 منٹ پر آیا جس کے جھٹکے لاہور، شیخوپورہ، چنیوٹ، پتوکی و دیگر علاقوں میں محسوس کئے گئے۔ نامہ نگاروں کے مطابق بچیانہ اور پھولنگر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز 66 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلے سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بہاولنگر، چنیوٹ، قصور، گوجرانوالہ، کوٹ رادھا کشن، بچیکی، سانگلہ ہل، فاروق آباد، شرقپور، تاندلیانوالہ، ساہیوال، پنڈی بھٹیاں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔