ٹرمپ خاندان، خاتون اول سال کے آخر تک نیویارک میں رہینگی، بڑی بیٹی، داماد کا انتظامی امور میں کردار زیادہ، 3 بیٹے، بیٹی کم سرگرم رہینگے
نیویارک (نیٹ نیوز)امریکہ کے 45ویں صدر کے اہلخانہ میں انکی بیوی، 3 بیٹے، دو بیٹیاں اور ایک داماد شامل ہیں۔ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا خاتون اول بن گئی ہیں۔ 46 سالہ میلانیا ٹرمپ کا تعلق سلوینیا سے ہے۔ سابق ماڈل میلانیا ٹرمپ کی تیسری بیوی ہیں۔ انکی ٹرمپ سے شادی 2005ء میں ہوئی۔ 2006ء میں انکے ہاں بیٹے بیرن کی پیدائش ہوئی۔ میلانیا واشنگٹن کی بجائے اس سال کے آخر تک بیٹے بیرن کے ساتھ نیویارک میں رہینگی اور انتظامی امور میں بہت کم کردار ادا کرینگی۔ ٹرمپ کے سب سے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی عمر 39 سال ہے۔ وہ انکی پہلی بیوی چیک ماڈل ایوانا ٹرمپ سے ہیں۔ وہ اس وقت اپنے بھائی ایرک کے ساتھ ’’دا ٹرمپ آرگنائزیشن‘‘ کے ٹرسٹی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرمپ جونیئر بھی اپنے والد کی انتظامیہ میں کم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے 2005ء میں ماڈل کے ہیڈن سے شادی کی اور انکے 5 بچے ہیں۔ ٹرمپ کی سب سے بڑی بیٹی 35 سالہ ایوانکا ٹرمپ ہیں۔ وہ ایک فیشن ایگزیکٹو اور واشنگٹن میں ’’ٹرمپ ہوٹل‘‘ سمیت دیگر پراجیکٹس کو سنبھالتی ہیں۔ ایوانکا نے یہودیت اختیار کر کے بزنس مین جیرڈ کشنر سے شادی کی اور انکے تین بچے ہیں۔ ایوانکا نے دو سال تک اپنے والد کے ساتھ ملکر انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ٹرمپ کے دوسرے بیٹے 33 سالہ ایرک ٹرمپ ہیں۔ انکی والدہ بھی ایوانا ہیں۔ وہ ’’ٹرمپ آرگنائزیشن‘‘ کے نائب صدر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ 2014ء میں انکی شادی لارا یوناشکا سے ہوئی، انکا کوئی بچہ نہیں۔ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کے شوہر 36 سالہ جیرڈ کشنر کا تعلق نیوجرسی سے ہے۔ انہوں نے ہاورڈ سے بیچلر اور نیویارک یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ روزنامہ ’’نیویارک اوبزرور‘‘ کے مالک اور پبلشرز ہیں۔ جیرڈ کشنر ٹرمپ کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دینگے۔ وہ اپنے خاندان کی رئیل اسٹیٹ فرم کو بھی چلا رہے ہیں۔ ٹرمپ کی دوسری بیٹی ٹفنی ٹرمپ ہیں۔ انکی پیدائش 23 سالہ ٹفنی ٹرمپ کی دوسری بیوی اداکارہ مارلا ماپلس سے ہوئی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے گریجوایشن کی ہے۔ ٹرمپ کا تیسرا بیٹا بیرن ہے جس کی عمر 10 سال ہے۔