این اے 120 میں بدترین شکست پر بلاول کا اظہار برہمی‘ وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان
لاہور (خبرنگار) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول سے پارٹی رہنماﺅں نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے این اے 120 میں بدترین شکست پر اظہار برہمی کیا۔ ملاقات کرنیوالوں میں پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور اور سیکرٹری جنرل پنجاب ندیم افضل چن شامل تھے۔ ندیم افضل چن نے بلاول بھٹو سے شکست کی حقائق اور وجوہات سامنے لانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ بلاول بھٹو نے اعلیٰ سطح کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا‘ جلد نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔ کمیٹی ندیم افضل چن اور دیگر سینئر رہنماﺅں پر مشتمل ہو گی۔سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی29ویں سالگرہ کل21 ستمبر کو ملک بھر میں منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ملک بھرمیںپیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے بڑے فرزند ہیں۔بلاول بھٹو زرداری 21ستمبر 1988ءکو پیدا ہوئے۔بلاول بھٹوزرداری اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین مقرر ہوئے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج ساہیوال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو کا یہ پی پی پی وسطی پنجاب کا یہ پہلا جلسہ ہوگا۔ جلسہ سے خطاب کیلئے بلاول بھٹو آج لاہور سے ساہیوال جائیںگے۔ بلاول بھٹو گزشتہ شام لاہور پہنچے تھے۔ انہوں میں بلاول ہاﺅس لاہور میں گزشتہ شام پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی اور این اے 120کے انتخابات کے حوالے سے سوالات کئے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ان نتائج پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ناقابل قبول قرار دیا۔