بے نظیر قتل کیس: سزا یافتہ پولیس افسروں کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے منظور
راولپنڈی (این این آئی)لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا پانے والے دو پولیس افسروں کی ضمانت کےلئے دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔ سابق سی پی او سعود عزیز اورسابق ایس پی راول ٹاو¿ن خرم شہزاد کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کی ابتدائی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ عدالت نے ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ سٹی کاشف ریاض اور اسٹیٹ کو نوٹس جاری کر دیا۔ پولیس افسروں کے وکیل نے کہاکہ حاضر ڈیوٹی پولیس افسر خرم شہزاد کیس کے فیصلہ سے قبل ضمانت پر تھے۔ خرم شہزاد کی ترقی ہونی ہے تاھم اگر ضمانت نہ ہوئی تو ان کا سروس کیرئر خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ عجلت میں سنائے گئے فیصلوں میں انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27ستمبر تک ملتوی کر دی۔