امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کے دورہ امریکہ کے دوران مقبوضہ کشمیر کی پیش کردہ قرارداد پر غور و خوض
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کے دورہ امریکہ کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تحریک حریت کے سالار اعلیٰ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار علی کی زیر صدارت مرزا عبدالخالق ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی پیش کردہ قرارداد پر غور و خوض کرنے کیلئے جنرل ہاﺅس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نائب صدر راشد جاوید لودھی، سیکرٹری عامر سعید راں، فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ سمیت وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سید صلاح الدین کشمیری قوم کی جدوجہد کے ماتھے کا جھومر ہیں، یہ ہاﺅس کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتا ہے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد استصواب رائے کروا کر ان کو ان کا حق آزادی دیا جائے۔ صدر بار چوہدری ذوالفقار علی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بھارت کی یو این او میں کشمیر کے حوالہ سے لائی گئی اپنی ہی قرارداد پر اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو حق استصواب رائے کیلئے زور دے اور کشمیر کے عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ بار/ قرارداد