نااہلی کیس: عمران کے وکیل کی غیر حاضری پر چیف الیکشن کمشنر برہم
اسلام آباد (ایجنسیاں) الیکشن کمشن میں عمران خان کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضری پر ملتوی کر دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں الیکشن کمشن کو کیس کی سماعت کا اختیار نہیں، کیا آئینی اداروں کی تضحیک سے اداروں کو مضبوط کیا جاتا ہے۔ عمران برطانوی اداروں کی تضحیک کرتے تو جیل میں ہوتے۔ الیکشن کمشن نے ان کو ڈھیل دے رکھی ہے۔ عمران خان کے وکیل کے پھر پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جوابی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی۔