پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال، رواں سال 37 ہزار زائد عازمین سعودی عرب جائینگے
اسلام آباد + جدہ (وقائع نگار خصوصی+ امیر محمد خان سے) سعودی مذہبی امور کی وزارت اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستانی عازمین کیلئے پرانا حج کوٹہ بحال کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حرمِ پاک کی توسیع کے باعث پاکستان کوٹہ 20 فیصد کم کیا گیا تھا۔ تاہم اب پرانا کوٹہ بحال ہونے کی وجہ سے ایک لاکھ 79ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے مزید حج کوٹہ کی درخواست بھی کی ہے جس پر سعودی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور مردم شماری کے بعد موتمر عالم اسلامی کے ذریعہ مزید کوٹہ بڑھانے کی درخواست دیں تو غور کریں گے۔ گذشتہ روز جدہ میں پاکستان کے وزیر حج سردار محمد یوسف اور سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بنتین اور سعودی وزارت حج کے اعلیٰ حکام کے درمیاں ایک اعلی سطحی اجلاس میں ایک معاہدے کے تحت حج 2017ء کیلئے پاکستانی حجاج کا کوٹہ بڑھانے کا معاہدہ طے پایا اسطرح گزشہ سال کے مقابلے میں اس سال پاکستان سے 37 ہزار عازمین حج زیادہ آینگے معاہدے کی تقریب میں سفیر پاکستان منظورالحق، ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی، سیکرٹری حج اور قونصل جنرل جدہ نے سردار یوسف کی معاونت کی۔