.کچھ عناصر افغانستان کیساتھ تعلقات خراب کرناچاہتے ہیں:پاکستان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے اس بات کے واضح اور ناقابل تردید شواہد موجود کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہا ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا بدقسمتی سے پاکستان دہشت گردی خصوصاً بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں را کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کا اعترافی بیان موجود ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کے سابق وزیر دفاع چک ہیگل نے بھی کہا تھا بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسی طرح پاکستان میں دہشت گردی کے بارے میں بھارت کے سرکردہ رہنماؤں کے بیانات بھی موجود ہیں۔ کسی بھی ملک نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے زیادہ اقدامات نہیں کئے اور اس سلسلے میں سب نے پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے بھارت پر زور دیا ہے وہ محاذ آرائی اور دہشت گردی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا بھارت نے کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے بات چیت سے راہ فرار اختیار کی ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور خطے میں امن اور ترقی کیلئے کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ بھارت کی جانب سے متنازع علاقے کو اپنا ’اٹوٹ انگ‘ قرار دینا ہی اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے بھارت سے کہا ہے وہ جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ بند کرے تاہم بھارت نے اس حوالے سے اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا پاکستان، افغانستان میں سب سے زیادہ امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں بدامنی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک بھی پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے بھر پور کوشش کی ہے، کچھ عناصر پاکستان افغانستان تعلقات خراب کرنے کے در پے ہیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا آر ایس ایس بھارت کی دہشت گرد تنظیم ہے جس کے ہاتھ ہزاروں مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں۔ پاکستان میں بھارت کی تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید اور ٹھوس ثبوت موجود ہیں جو ڈوزیئر کی شکل میں اقوام متحدہ کو پیش کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت دہشت گردی کے بارے میں تعریف کو درست کرے اور آر ایس ایس کو بھی دہشت گرد تنظیم سمجھا جائے۔ آر ایس ایس کی دہشت گردی کا اعتراف سوامی آسیم آنند نے کیا، سوامی آسیم آنند سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کا مرکزی ملزم ہے، سوامی آسیم آنند نے حاضر سروس کرنل کا نام بھی لیا جو اس وقت آر ایس ایس کا سربراہ تھا۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، وہاں ہندوئوں کی غیر قانونی آباد کاری ، کشمیریوں کی نسل کشی، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم شہدا پر بھارتی افواج اور آر ایس ایس نے 5 ہزار کشمیریوں کا قتل عام کیا، مقبوضہ کشمیر میں بہت سے کشمیریوں کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔ انہوں نے بتایا وزیر اعظم نواز شریف نے ڈیووس میں عالمی رہنمائوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے۔بھارت کی جانب سے اس پر دعویٰ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ میں اکتوبر2015 میں تین ڈوزیئر جمع کرائے جبکہ ایک رواں ماہ میں جمع کرایا۔ ڈوزئیرز میں پاکستان میں بھارتی دہشت گردی اور کل بھوشن یادیو کے حوالے سے بھی شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ ایک بھارتی وزیر عوامی سطح پر پاکستان میں دہشتگردی کرانے کا اعلان کرچکے ہیں۔ بھارت کی اعلی سیاسی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے حوالے سے سے بیانات بھی بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کا ثبوت ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری پر غیر ملکی سربراہان مملکت یا وزرائے خارجہ کو دعوت نامے نہیں بھیجے گئے۔ پاکستان اور امریکہ ایک طویل المدت شراکت دار اور دیرینہ دوست ہیں۔ دونوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون ضروری ہے۔انہوں نے کہا راحیل شریف کی 34 ملکوں کی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے وزارت دفاع جواب دے سکتی ہے۔