مقبوضہ کشمیر: ایک اور نوجوان شہید، بھارتی فوج کا ذکی الرحمن کے بھتیجے کو مار نے کا دعویٰ
سرینگر (نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید ایک کشمیری نوجوان شہید ہو گیا ۔ بھارتی فوجیوں نے بانڈی پورہ کے علاقہ حاجن میں گھر گھر تلاشی آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا۔ بھارتی مظالم کے خلاف کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے وادی میں تعینات پیرا ملٹری فورسز سی آر پی ایف کی اضافی 102 کمپنیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں 60 کمپنیوں کو پہلے ہی دوسری ریاستوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق سی آر پی ایف ذرائع کے مطابق حزب کمانڈر کی ہلاکت کے بعد وادی میں امن و قانون برقرار رکھنے کیلئے سی آر پی ایف کی اضافی 102 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا تھا تاہم حالات معمول پر آنے کے بعد وزارت داخلہ نے کمپنیوں کو واپس بلایا ہے۔ مقامی عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف دائر عرضداشت کی سماعت کے دوران ان کی رہائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سٹی منصف سرینگر شیخ گوہر حسین نے مسرت عالم بٹ کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت اور اسکی پولیس نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن کر دی ہیں اور مقبوضہ علاقے میں عملاً مارشل لاء نافذ ہے اور یہاں آئین اور قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ ترجمان نے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پرنظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لئے کردار ادا کریں۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس 22 جنوری دن 11:00بجے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں حریت دفتر میں منعقد ہو گا جس میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال پر غور و خوض کے علاوہ جدوجہدِ آزادی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔علاوہ ازیں میر واعظ خاندان کے رکن مرحوم مولوی غلام مصطفیٰ کے فرزند مولوی شبیر احمد مختصر علالت کے بعد جموں میں انتقال کر گئے۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے ممتاز کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے کشمیر کمیٹی سے متعلق مبینہ بیان پر خاموش رہنے پر اتفاق کیا ہے،تینوںاطراف سے اس بات اتفاق کیا گیا ہے کہ ان کی جانب سے سید علی گیلانی کے احترام میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی،غلط فہمی پھیلانے والے عناصر کے مذموم مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز نے ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کے بھتیجے لشکر طیبہ کے کمانڈر ابو موصیب کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید کا کہنا ہے کہ لشکر طیبہ کے کمانڈر ابو موصیب کوضلع بانڈی پورہ کے علاقے ہاجن میں سیکورٹی فورسز نے جھڑپ کے دوران ماراگیا۔