سابق فوجیوں نے اسمبلیاں تحلیل کرنے، نئے الیکشن کا مطالبہ کر دیا
لاہور+راولپنڈی (خبر نگار+این این آئی) سابق فوجیوں کی تنظیم پیسا نے اسمبلیاں تحلیل کرنے، نگران حکومت کے قیام، انتخابی اصلاحات اور آزاد الیکشن کمشن کے قیام کے بعد نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ یہ فیصلہ ایڈمرل ر احمد تسنیم کی سربراہی میں پیسا کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈمرل ر فصیح بخاری، جنرل ر نعیم اکبر، ائیر مارشل ر مسعود اختر، بریگیڈئیر ر محمد تاج، بریگیڈئیر ر میاں محمود، بریگیڈئیر ر مسعود الحسن، برگیڈئیر ر سائمن شرف، میجر ر فاروق حامد خان اور دیگر نے شرکت کی۔ تمام عسکری ماہرین نے متفقہ رائے دی کہ سیاسی بحران نے ملک میں موجود آئینی جمہوریت کی کمزوریاں واضح کر دی ہیں۔ حکومت بحران کو سیاسی طریقہ سے حل کرے اور طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔ اس کشیدہ صورتحال میں سیاسی قائدین اپنی پارٹیوں سے بلند ہوکر ملک و قوم کی خدمت کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اسلئے عوام مسائل کے حل کے لئے احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں۔ ماڈل ٹائون کے مقدمہ میں ایف آئی آر درج نہ کرنا توہین عدالت کے علاوہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔ ملزم مقدمہ کی سماعت کے دوران اپنے بے گناہ ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔