دھرنا دینے والے دیکھ لیں نوازشریف کے شیر جاگ رہے ہیں: مسلم لیگ ن کا لاہور میں ورکرز کنونشن
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو پیغام دیا ہے کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے جذبات کی بہت قدر ہے لیکن ہم نے سڑکوں پر آ کر میچ نہیں کھیلنا بلکہ آئینی اداروں میں مسائل حل کرنے ہیں اس کے لئے ہم مختلف فورمز پر کام کر رہے ہیں ان کا یہ پیغام مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک ایم این اے نے گزشتہ روز ایوان اقبال میں مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن میں پڑھ کر سنایا۔ پرویز ملک نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے آئین کے تابع رہتے ہوئے قانون کے راستے پر چلنا ہے میں اپنے کارکنوں کو صبر و تحمل کی ہدایت کرتا ہوں۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ عمران خان غلطی پر ہیں ان کی جماعت کو 70 لاکھ ووٹ ملے ہیں ان کی لاج رکھیں اور اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور سول نافرمانی کی تحریک جیسے فیصلے واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ووٹ لئے ہیں اس کے مینڈیٹ کا احترام کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری سے بھی درخواست ہے کہ اپنے پیروکاروں کو سیدھے راستے پر چلائیں۔ پرویز ملک نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ متحد اور اپنے اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔ مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا دینے والے دیکھ لیں کہ نواز شریف کے شیر جاگ رہے ہیں اگر ہمارے لیڈر نواز شریف کے حکم کی زنجیر میں ہم نہ بندھے ہوتے تو عمران خان جان لیں کہ زمان پارک یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے۔ وزیراعلی کے مشیر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ہم نے اپنے قائدین کے حکم کے مطابق صبر و تحمل سے چلنا ہے تاہم کسی غیر آئینی اقدام کو نہ ہم ہونے دیں گے نہ برداشت کریں گے۔ ہماری شرافت اور صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ وزیراعلی کے مشیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دو آدمی غیر ملکی ایجنڈے کے تحت ریاست کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کاش وہ آئین کے راستے پر چلیں۔ علماء کرام لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے جامعہ نعیمیہ کے مہتمم مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان جمہوریت کی ضرورت ہے۔ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے والا انقلاب مارچ اور آزادی مارچ علماء کرام کو قبول نہیں۔ سید توصیف شاہ نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت پسند ایک مرتبہ پھر جمہوریت کی بساط لپیٹے جانے والا اقدام کر رہے ہیں۔ جمہوریت کا نقصان ہوا تو ذمہ دار یہی عناصر ہوں گے۔ نذیر خان سواتی نے کہا کہ نواز شریف کے قافلے میں شامل لوگ آندھی آئے یا طوفان ان کے ساتھ رہیں گے۔ میاں طارق نے کہا کہ ہم اپنے لیڈر سے اجازت چاہتے ہیں کہ سر پر کفن باندھ کر جمہوریت دشمنوں کے مقابلے پرنکل آئیں۔ صلاح الدین ببی نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن اپنے لیڈر نواز شریف کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانے کیلئے تیار ہیں۔ وکلاء کے نمائندے ظفر گیلانی نے کہا کہ ہم وکلاء عمران خان اور طاہر القادری کے غیر آئینی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔
لاہور (فرخ سعید خواجہ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سیاجتماعی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے تمام 13 حلقوں سے مسلم لیگی کارکنوں کے جلوس ایوان اقبال پہنچے۔ سب سے بڑا جلوس قومی اسمبلی کے حبقہ این اے 126 سے آیا جس کی قیادت وزیراعلی کے مشیر خواجہ احمد حسان، حمزہ شہباز کے پولیٹیکل سیکرٹری سید توصیف شاہ اور این اے 126 کی کوآرڈی نیٹر رابعہ فاروقی کر رہی تھیں۔ جلوس میں سینکڑوں خواتین بھی شامل تھیں۔ ایوان اقبال میں صدر لاہور پرویز ملک کی صدارت میں ہونے والے کنونشن میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے جھنڈے اور جھنڈیاں اٹھائے مرد و خواتین کارکنوں نے ’’ہمارے دلوں کی دھڑکن نواز شریف‘‘ نغمے پرجوش و خروش سے نعرے لگائے اور والہانہ رقص کیا۔ کنونشن کے شرکاء کی واضح رائے تھی کہ انقلاب مارچ اور آزادی مارچ والوں کا جواب ملک بھر میں سیاسی مظاہرے کرکے دیا جائے۔ کنونشن میں سب سے پرجوش تقریر مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کی اور عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری سمیت ان کے آقائوں کو بھی للکارا۔ انہوں نے کارکنوں کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی اجازت چاہی تاہم دیگر پارٹی رہنمائوں نے انہیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ کنونشن میں نظامت کے فرائض سید توصیف شاہ نے سرانجام دئیے جبکہ تلاوت کلام پاک چودھری شبیر گجر نے کی۔ کنونشن میں طویل عرصے کے بعد ممبران اسمبلی اور عہدیداران پر کارکنوں کو ترجیح دی گئی اور پہلی تین تقریریں لاہور کے معروف سیاسی کارکنوں سواتی خان، میاں طارق اور صلاح الدین ببی سے کروائی گئیں۔ جس پر ایوان اقبال میں موجود کارکنوں نے انتہائی خوشی کا مظاہرہ کیا۔