پارلیمنٹ، جمہوریت کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی، وزارتی کمیٹی کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات
اسلام آباد(ثناء نیوز) سیاسی، کشیدگی میں کمی، آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے تحفظ سے متعلق مشترکہ حکمت عملی کیلئے وزارتی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں کے پاس پہنچ گئی۔ کمیٹی میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ شامل ہیں۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، اتحادی جماعتوں کے سربراہوں مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی، حاجی غلام احمد بلور، آفتاب احمد شیر پائو، چوہدری اعتزاز احسن اور دیگر سے مشترکہ طور پر ملاقات کی۔ بعدازاں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی جماعتوں کے الگ الگ اجلاس بھی ہوئے۔ ان اجلاسوں کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قسم کی صورتحال میں دس اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ ،آئین، جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہیں۔