نگران اور انتہا پسند پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا رہے ہیں: کائرہ

لاہور (خبر نگار) سابق وزیرِ اطلاعات اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نگران شاید غیر شعوری طور پر اور انتہا پسند ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس کے باوجود پیپلز پارٹی لوگوں کی بھرپور تائید و حمایت کی بدولت آئندہ انتخابات میں ملک کی واحد اکثریتی پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دونوں سابق وزرائے اعظم اور سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کے محدود تعداد میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو تو الیکشن کمشن کی ہدایت پر فی الفور واپس بلا لیا گیا جبکہ شریف برادران اور ان کے خاندان کی سکیورٹی پر مامور سینکڑوں اہلکار الیکشن کمشن کی 13 اپریل کی واضح ہدایات کے باوجود تاحال سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب شریف برادران اتنے بھاری پروٹوکول کے ساتھ انتخابی مہم چلائےں گے تو اس سے صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانے کے امکانات مخدوش ہو جائےں گے۔ انہوں نے نگران وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تمام صورتِ حال کا جائزہ لیں اور الیکشن کمشن کی ہدایات پر بلاتاخیر عمل درآمد کو یقینی بنائےں۔ تمام نامساعد حالات کے باوجود پیپلز پارٹی جمہوری عمل کے استحکام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔