عمران خان نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے پہلے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا تھاتاہم مزید سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔عمران خان کی درخواست میں موقف اپنایا گیا۔ الیکشن کمشن نے غیر قانونی فیصلہ دیا اور اختیار سے تجاوز کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے وارنٹ جاری کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست میں کہا گیا الیکشن کمشن نے سیاسی بنیاد پر انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔