ملالہ کی بہتر حالت پر ڈاکٹر مطمئن، برمنگھم کونسل کے باہر اظہاریکجہتی کیلئے ریلی

ملالہ کی بہتر حالت پر ڈاکٹر مطمئن، برمنگھم کونسل کے باہر اظہاریکجہتی کیلئے ریلی

برمنگھم (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ڈاکٹروں کے مطابق کوئین الزبتھ ہسپتال میں زیر علاج ملالہ یوسفزئی کی حالت میں مزید بہتر ی آئی ہے اور ڈاکٹر ملالہ کی حالت میں بہتری پر خوش ہیں۔ کوئین الزبتھ ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی طبیعت مستحکم ہے۔ ملالہ نے ہسپتال میں تیسری رات بھی سکو ن سے گزاری۔ جبکہ ملالہ سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی حقوق تنظیم نے برمنگھم کونسل کے باہر ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق کوئین الزبتھ ہسپتال نے گزشتہ روز ہیلتھ اےڈوائزری جاری کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ملالہ کی بہتر حالت پر مطمئن ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ملالہ کی معالج ٹیم روزانہ کی بنیاد پر ان کی حالت کا جائزہ لے رہی ہے اور ملالہ کی 24 گھنٹے دیکھ بھال کی جا رہی ہے جبکہ ہسپتال کی ویب سائٹ پر ملالہ کیلئے پیغامات کا جو صفحہ بنایا گیا ہے اس پر دنیا بھر سے ایک رات میں ڈیڑھ ہزار سے زائد پیغامات موصول ہوئے ہیں اور پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں برمنگھم کونسل کے باہر ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی جبکہ چھوٹے بچے بھی اس ریلی میں شریک تھے۔ ریلی کے شرکاءنے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ملالہ کیلئے نعرے درج تھے اس موقع پر شرکاءنے موم بتیاں جلا کر ملالہ کو خراج تحسین پیش کیا۔