فورسز نے ملالہ پر حملہ کرنے والے آیت اللہ کے بھائی، بہنوئی اور دوسرے رشتے دار پکڑ لئے: امریکی میڈیا ‘آیت اللہ سوات آپریشن میں گرفتار ہوا مگر ثبوت نہ ہونے پر رہا کر دیا گیا

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے مرکزی ملزم آیت اللہ کے رشتے داروں کو سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آیت اللہ کے بھائی، بہنوئی اور دوسرے رشتے داروں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے آیت اللہ کی گرفتاری کے لئے سوات میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آیت اللہ افغانستان فرار ہو چکا ہے۔ آیت اللہ کے رشتے داروں پر شدت پسندوں کو پناہ دینے کا الزام ہے۔ سینئر افسر خیبر پی کے کے مطابق سوات آپریشن کے دوران آیت اللہ کو گرفتار کیا گیا مگر ثبوت نہ ہونے کے باعث رہا ہو گیا۔