گورنر پنجاب کی سروسز ہسپتال آمد، درندگی کا شکار بچی کی عیادت کی

گورنر پنجاب کی سروسز ہسپتال آمد، درندگی کا شکار بچی کی عیادت کی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور زیادتی کا شکار پانچ سالہ بچی کی عیادت کی۔ انہوں نے بچی کے والدین سے اظہار ہمدردی کیا اور انہیں ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ منگل کے روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سروسز ہسپتال پہنچے تو اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت زیادتی کرنیوالے ملزموں کو نہ صرف گرفتار کریگی بلکہ انہیں عبرتناک سزا دیگی۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور ایسا کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سارے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مجھے امید ہے پولیس بہت جلد ملزموں تک پہنچ جائیگی۔ پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کی بھرپور مدد کریگی۔