وزیراعظم نواز شریف کی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

انقرہ (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے دورہ ترکی کے دوران منگل کو یہاں جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیراعظم  نے اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کو خراج عقیدت پیش کرنے پر فخر ہے۔ اتاترک کی بصیرت نے ترک قوم کو متحد کیا اور جدت وترقی کا راستہ اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ اتاترک کو ایک عظیم صاحب بصیرت لیڈر کے طور پر پاکستان میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ خصوصی عقیدت رکھتے ہیں اور ہم ترکی کے ساتھ اپنی سٹرٹیجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہم اپنی مشترکہ منزل کے حصول کیلئے وسیع تر خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔