بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ‘ خاتون سمیت دو افراد زخمی

راولپنڈی (ثناء نیوز / نوائے وقت نیوز)  بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوںکا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ آزاد جموں وکشمیر  میں لائن آف کنٹرول پر کوٹلی میں نکیال سیکٹر کے علاقے  ڈھیری  میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دوافراد زخمی ہو گئے۔ ۔پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں فائرنگ سے زخمی ہونیوالی نسرین اختر اور ظہیر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نکیال منتقل  کر دیا گیا ہے۔ ۔بھارتی فوج کی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ فائرنگ کا سلسلہ نہ رکنے پر پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کرا دیا۔ بھارت فوج کی دراندازی معمول بن گئی،اس سے قبل بھی فائرنگ سے کئی فوجی جوان اور سویلین جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔