جمائما کو سیاست میں لائیں میں راولپنڈی جلسے میں بلائوں گا، شیخ رشید: رہنے دیں اس کے ساتھ پہلے ہی بہت ہو چکا: عمران
اوکاڑہ (نامہ نگار + ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اوکاڑہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے صرف اپنے خاندان کو نوازا‘ غریب عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ نواز شریف جمہوری نظام پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان ملک و قوم کی تقدیر بدلے گا۔ شیخ رشید نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ جمائما کو پاکستانی سیاست میں لائیں اگر آپ نہ لائے تو میں راولپنڈی کے جلسے میں جمائما کو بلاؤں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جواب میں خطاب کے دوران کہا شیخ صاحب جمائما کی باتیں چھوڑ دیں پہلے ہی جمائما کے ساتھ بہت کچھ ہو چکا ہے اس کو شریف برادران نے بہت تنگ کیا تھا اور جمائما کے خلاف مقدمہ ہی بنا دیا تھا پرانی باتیں رہنے دیں۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف بھارتی ایجنٹ ہے وہ عدلیہ اور فوج کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ حدیبیہ کیس کو دوبارہ زندہ کرکے دکھاؤں گا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے جلد ملاقات کروں گا فوج اور پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ حدیبیہ کیس میں ملی بھگت ہوئی۔ شاہد خاقان عباسی کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ کونسی وکٹ پرکھیلنا ہے فوج اور عدلیہ پر تنقید کی جا رہی ہے۔