عمران بہادر ہیں تو این اے 125 سے میرے خلاف الیکشن لڑیں: سعد رفیق
لاہور + جدہ (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف شیر کی طرح بہادر اور عمران خان گیدڑ کی طرح بزدل ہیں۔ عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں انہوں نے عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بہادر ہو تو آئو این اے 125 میں میرے خلاف الیکشن لڑو۔ دوسروں کو گالیاں دینے والا خود سر سے پائوں تک گالی ہے۔ عمران خان شعبدہ بازی‘ گمراہ کن پراپیگنڈا پر بے شرمی کی حد تک یقین رکھتے ہیں۔ عمران نے ٹھیک کہا گیدڑ تحریک نہیں چلا سکتے۔ عمران خان کوئی تحریک چلانے کے قابل نہیں۔ عمران نے خود جوئے اور بال ٹمپرنگ کا اعتراف کیا۔ نوازشریف نے بہادری سے مشرف دور میں 17 ماہ جیل کاٹی۔ عمران خان ڈی جی خان جیل 5 دن نہیں کاٹ سکتے۔ عدلیہ بحالی تحریک میں عمران خطرے کے خوف سے اسلام آباد میں چھپے رہے۔ عمران خان جھوٹ بولیں گے تو منہ توڑ جواب دیںگے۔ عدلیہ کا بے حد احترام کرتے ہیں‘ لیکن قانون کے منافی فیصلوں پر تنقید ہوگی۔ عمران نے جہانگیر ترین کا کھایا اور اسے ہی قربانی کا بکرا بنایا۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہونے پر 60 روز کے اندر انتخابات ہو جائیںگے۔ حکومت 4 جون کو اپنی مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہونگے۔ یہ بات انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا قوم کو ترقی کے تسلسل کو قائم رکھنا چاہئے۔ ملک میں بجلی کے سنگین بحران پر قابو پانے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا کیونکہ ہم نے 2013ء کے انتخابات میں بجلی بحران اور دہشت گردی پر قابو پانے کاوعدہ کیا تھا۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا خان صاحب ناتجربہ کار سیاستدان ہیں۔ ان کی پارٹی نے خیبر پی کے میں ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔ علاوہ ازیں اسلامی ممالک کی فیڈریشن آف انجینئرز کے ایگزیکٹو کونسل سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں خودکفالت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ فورتھ انڈسٹریل انقلاب ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑا زلزلہ ہے۔ انجینئرنگ کے نصاب کو نئے تقاضوں پر ڈھالنا وقت کی اولین ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عمران خان کا انداز سیاست اور لب و لہجہ پاکستان اور نوجوان نسل کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد عمران خان شدید دبائو کا شکار ہیں اور کسی نئے انویسٹر کی تلاش میں ہیں۔ عمران خان کے پاس سوائے تنقید کے کوئی پروگرام نہیں۔ ترجمان وزیراعظم مصدق ملک نے کہا کہ نظریہ ضرورت برقرار رہے۔ جیسے فیصلے ہونگے ویسی ہی تنقید بھی کی جائے گی۔ نوازشریف کی نہ لی جانے والی تنخواہ حرام اور عمران خان کا اثاثہ حلال تصور کیا جائے گا تو ایسی تفریق ہماری سمجھ میں نہیں آئے گی آئین اور قانون کے مطابق ملک کو چلنا چاہئے جس کیلئے نوازشریف نے تحریک چلانے کی بات کی ہے۔