چیئرپرسن سینٹ کمیٹی راحیلہ مگسی کی تاخیر سے اجلاس میں آمد، پرویز رشید سے تلخ جملوں کا تبادلہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے اجلاس کے میں تاخیر سے پہنچنے پر چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر راحیلہ مگسی کیساتھ سینیٹر پرویز رشید کا سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم گیارہ بجے سے اجلاس شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور چیئرپرسن کمیٹی 50منٹ کی تاخیر سے پہنچ رہی ہیں، اجلاس کی باضابطہ کارروائی شروع کرنے سے پہلے چیئرپرسن کمیٹی تاخیر سے آنے پر معذرت کریں اور یہ بھی یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ اجلاس میں تاخیر سے نہیں پہنچیں گی جس پر چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر راحیلہ مگسی نے معذرت کی اور کہا کہ ٹریفک کی وجہ سے تاخیر سے پہنچی جس پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم بھی اسی ٹریفک سے ہو کر آئے ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے اجلاس میں نہیں پہنچے ہیں۔ باقاعدہ اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی سینیٹر پرویز رشید کے بعد سینیٹر اعظم سواتی نے بھی چیئرپرسن کمیٹی کو باور کرایا کہ ملک بھر میں ڈپلومہ دینے کے اداروں کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں، میں نے باقاعدہ اس بارے کمیٹی کو آگاہ کیا ان اداروں کے مالکان نے وفاقی وزراء اور اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ تصاویر بنا کر اپنے اداروں میں لگا رکھی ہیں۔ سینیٹر سحرکامران نے بھی چیئرپرسن کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ میں نے بھی کئی ترامیم جمع کرائی لیکن چیئرپرسن کمیٹی کے دفتر سے غائب ہو گئی ہیں چیئرپرسن کمیٹی کو اس معاملے کو دیکھنا چاہئے۔