نئے بھارتی ہائی کمشنر پاکستان پہنچ گئے ‘ کوشش ہو گی تمام معاملات میں پیشرف ہو: راگھوان

لاہور+ امرتسر (آن لائن) پاکستان کیلئے بھارت کے نئے ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان سبکدوش شرت سبھروال کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالنے واہگہ بارڈر سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے وہ خوشگوار اور مضبوط تعلقات کا پیغام لیکر آئے ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔ ہمارے تعلقات کیلئے بہت سی نئی امیدیں پیدا ہوئی ہیں لیکن اسکے ساتھ مشکلات بھی موجود ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا پورا بھارت چاہتا ہے دونوں ممالک کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات قائم ہوں، پچھلے چند برسوں میں اس حوالے سے توقعات پیدا ہوئی ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے لیکن اسکے ساتھ مضبوط رشتوں کی راہ میں بہت سی رکاوٹیں بھی موجود ہیں انہیں بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔ دونوں ملکوں کو تجارت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں قریب آنا ہوگا اس سے تعلقات بہتر ہونگے۔ قبل ازیں امرتسر کے ہوائی اڈے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا انکی کوشش ہوگی وہ اپنے دور سفارت میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنائیں پاکستان میں ماحول تبدیل ہوا ہے اور یہ یقیناً ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ باہمی تعلقات کے حوالے سے بہت سے چیلنج اور خطرات بھی موجود ہیں لیکن ہماری کوشش ہوگی تمام معاملات میں پیش رفت ہو۔ راگھوان دس سال تک پاکستان میں ڈپٹی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر راگھون نے کہا پاکستان بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے کام کرونگا، پاکستان بھارت باہمی تعلقات کو کچھ چیلنجز اور مشکلات درپیش ہیں۔