آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان کا مسئلہ سرفہرست رکھا جائے: طلال اکبر بگٹی

لاہور (آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان کا مسئلہ سرفہرست رکھا جائے‘ مسلم لیگ (ن)کی حکومت سے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں ‘ وزیراعظم میاں نواز شریف لاپتہ افراد کی بازیابی اور مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ بند کروانے کیلئے سخت اور ضروری اقدمات کو یقینی بنائیں‘ ایسا لگتا ہے جیسے کچھ لوگ پرویز مشرف کو بچانے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان کا مسئلہ انتہائی اہم ہے کیونکہ جب تک بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوگا اُس وقت تک وفاق پاکستان کو مضبوط نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ملک میں آج جمہوری حکومت قائم ہے اور بلوچستان کے عوام کو بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ہم مطالبہ کرتے ہیں متوقع حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت بلوچستان کے مسئلے کو سرفہرست رکھے۔