لاہور سمیت ملک بھر کے ائرپورٹس کی فول پروف سکیورٹی کے دعوﺅں پر سوالیہ نشان

لاہور (اویس قریشی سے) پشاور کے باچا خان ائرپورٹ پر دہشت گردوں کے راکٹ حملہ کے سنگین واقعہ نے لاہور کے انٹرنیشنل ائرپورٹ سمیت ملک بھر کے اہم ائرپورٹس کی ”ہائی الرٹ اور فول پروف سکیورٹی“ کے دعوﺅں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ٹیک آف اور لینڈنگ ایریا میں ائرپورٹ سکیورٹی فورس کے سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات ناکافی ہیں۔ لاہور ائرپورٹ ذرائع کے مطابق ہوائی اڈے کے قریب ترین رہائشی آبادیاں بھی ائرپورٹس کی سکیورٹی کے حوالے سے واضح کردہ عالمی قوانین کی کھلم کھلی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جس کا سول ایوی ایشن سمیت دیگر حکومتی سکیورٹی ایجنسیوں کو نوٹس لینا چاہئے۔ لاہور ائرپورٹ پر مختلف ائر لائنز کے مسافر جہاز لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت ائرپورٹ کے قریب ترین رہائشی آبادیوں کے ”نشانوں“ پر ہوتے ہیں۔ گذشتہ رات دہشت گردی کے ہولناک واقعہ نے ائرپورٹس کی حفاظت پر مامور متعلقہ ایجنسیوں کو اپنے حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے پر مجبور کر دیا ہے۔