جان کیری نے ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات کا وعدہ پورا نہیں کیا: امریکی اخبار

 جان کیری نے ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات کا وعدہ پورا نہیں کیا: امریکی اخبار

نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی اخبار دی بوسٹن گلوب نے سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین جان کیری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اب تک ریمنڈ ڈیوس کیس میں دو پاکستانیوں کی ہلاکت کے بارے میں تحقیقات کے نتائج سامنے نہیں لائے جس کا وعدہ انہوں نے پاکستان میں مذاکرات کے دوران کیا تھا۔ اخبار نے اپنے ادارئیے میں لکھا ہے کہ لاہور میں رونما ہونے والے اس واقعہ کو 16ماہ گزر چکے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی لیکن اتنے عرصے بعد بھی تحقیقات سامنے نہیں آئی جس کی وجہ سے امریکہ کی ساکھ بھی خطرے میں ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اس معاملے پر امریکہ کے محکمہ انصاف کی خاموشی بھی حیران کن ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ سینیٹر کیری اور اوباما انتظامیہ کو اس معاملے کو ہرگز ختم نہیں کرنا چاہئے۔ اخبار لکھتا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات امریکہ کے ان چند اقدامات میں سے ایک ہو گا جس کے ذریعے پاکستان میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے امریکہ مخالف جذبات کو روکا جا سکتا ہے۔ اخبار یاد دلاتا ہے کہ سابق بلیک واٹر کمپنی کیلئے کام کرنے والے ریمنڈ ڈیوس کو لاہور میں قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور اسے 23لاکھ ڈالر مقتولین کے وارثوں کو ادا کرنے کے بعد رہائی ملی اس موقع پر سینیٹر جان کیری پاکستان گئے تھے اور ایک پریس کانفرنس میں اس کیس کی مکمل تحقیقات کرنے اور اگر ضروری ہوا تو امریکہ میں ریمنڈ ڈیوس پر مقدمہ چلانے کا وعدہ کیا تھا لکن اب تک کچھ بھی نہیں ہوا۔