ارکان پارلیمنٹ سے قانون سازی کا حق نہیں چھینا جا سکتا: بھارتی صدر

 ارکان پارلیمنٹ سے قانون سازی کا حق نہیں چھینا جا سکتا: بھارتی صدر

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کے صدر پرناب مکھر جی نے کہا ہے کہ قانون سازوں سے قانون سازی کا حق نہیں چھینا جا سکتا، کرپشن جمہوری اداروں پر حملہ کرنے کا بہانہ نہیں ہونا چاہئے۔ یوم آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنا قانونی ہے تاہم کرپشن جمہوری اداروں پر حملہ کرنے کا بہانہ نہیں ہونا چاہئے۔ پارلیمانی اداروں کوآئین کا ستون قرار دیا جاتا ہے اوراگر ان میں دراڑیں پڑ جائیں تو آئین سازی کا سلسلہ برقرار نہیں رہ سکتا۔ ہمارے ادارے زوال پذیری کی جانب جا رہے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں تباہ کر دیا جائے بلکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ ان کو پہلے سے مضبوط بنایا جائے۔ عدلیہ، ایگزیکٹو اور مقننہ کی ساکھ کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ احتجاج کرنا عوام کا حق ہے تاہم احتجاج اگر وبا کی شکل اختیار کرجائے تو انتشار پیدا ہوتا ہے۔