گورنر مہتاب عباسی وفاقی وزیر، وزیراعلیٰ رہ چکے قید بھی کاٹی، انکی خالی نشست پر داماد الیکشن لڑینگے
پشاور+ ایبٹ آباد (آن لائن) گورنر خیبر پی کے سردارمہتاب احمد خان وفاقی وزیر، وزیراعلیٰ سرحد رہ چکے ہیں، 5بار ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے،1999ء میں قید بھی کاٹی، خیبر پی کے کے نئے گورنر سردار مہتاب احمد خان مری سے ملحقہ ایبٹ آباد کے علاقے ملکوٹ کے رہائشی ہیں، مہتاب احمد خان1985ء میں پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن بنے جس کے بعد وہ مسلسل5بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے، وہ ایک مرتبہ وزیراعلیٰ سرحد منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیربھی رہے، 1999ء میں پرویز مشرف نے نواز حکومت کا تختہ الٹا تو سردار مہتاب احمد خان جیل میں قید رہے۔ مزید برآں گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان کی خالی نشست پر ان کے داماد میدان میں اتریں گے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سردار مہتاب احمد کی خالی ہونے والی نشست حلقہ پی ایف45ایبٹ آباد سے سردار کاشف فدا خان کو انتخابات لڑانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، سردار کاشف سابق ایم پی اے سردار فدا محمد خان کے فرزند اور سردار مہتاب احمد خان کے داماد ہیں۔