سیاسی لیڈر، کون کہاں عید منائے گا

لاہور(خصوصی رپورٹر) صدر پاکستان ممنون حسین سعودی عرب میں عید منائیں گے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو سمیت دبئی میں عید کریں گے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراءاسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ بھی لاہور میں عید منائیں گے۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری، وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان، اسلام آباد میں مسلم لیگ ضیاءالحق کے سربراہ اعجاز الحق، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد راولپنڈی، جمعیت علماءاسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی چارسدہ میں عید منائیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان بھائی پھیرو قصور، جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی گجرات میں عید منائیں گے۔