کابل حکومت اور طالبان کے درمیان ترکی میں مذاکرات جاری ہیں سینئر افغان حکام کا اعتراف
کابل (نیشن رپورٹ) سینئر افغان حکام نے تسلیم کیا ہے کہ کابل حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان ترکی میں مذاکرات جاری ہیں۔ اس حوالے سے افغانستان میں مقبول نجی ٹی وی چینل ٹولو نے بھی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں وحدت پارٹی کے رہنما عباس بشیر اورکریم خلیلی نمایاں ہیں۔ افغان ریڈیو ’’آزادی‘‘ کے مطابق سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار کی حزب اسلامی طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بات چیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس سے مستقبل کیلئے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے تصدیق کی کہ ترکی میں 3 روزہ مذاکرات جاری ہیں جو آج پیر کو ختم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں طالبان کے نمائندے شریک ہیں۔ تاہم ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے طالبان کی طرف سے مذاکرات میں شرکت کی تردید کی ہے۔ اس حوالے سے افغان صدر اشرف غنی کے ایک ترجمان نے مذاکرات کی کسی اطلاع سے انکار کیا ہے۔