ڈپٹی چیئرمین نادرا سید مظفر کو ہٹا دیا، تعیناتی نثار کی غیرقانونی ہدایت پر کی: چیئرمین

اسلام آباد (اے این این+ عمران مختار/ دی نیشن رپورٹ) ڈپٹی چیئرمین نادرا سید مظفر علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ بدھ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سید مظفرعلی نادرا میں جنرل منیجرکے عہدے پر کام کریں گے۔ سید مظفرعلی کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ڈپٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں نادرا میں ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے خلاف پٹیشن دائر ہے۔ دریں اثناء چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے عدالت کے سامنے تسلیم کیا ہے کہ مظفر علی کو چودھری نثار کی غیرقانونی ہدایات پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے مینڈیٹ سے ہٹ کر غیرقانونی طور پر نادرا کے اجلاسوں کی صدارت کی۔ قانون کے تحت ڈپٹی چیئرمین کی تعیناتی کیلئے قانون کی کوئی شق نہیں۔ عدالت اگلے ماہ کی 18 تاریخ کو کیس کی سماعت دوبارہ کریگی۔