تاجروں اور صنعتکاروں نے صوبائی بجٹ کو متوازن قرار دیدیا، وزیراعلی کو مبارکباد

لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری اور صنعت کار برادری نے پنجاب کے بجٹ 2015-16 کو متوازن قرار دیا ہے جس کے صوبے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور زراعت ،تجارت اور صنعتی شعبے ترقی کریں گے۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف تعریف کے مستحق ہیں جن کی سرکردگی میں پنجاب کا تجارت دوست بجٹ بنا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی، سابق سینئر نائب صدور عبدالباسط، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خواجہ خاور رشید نے بھی بجٹ کو سراہا۔ پیاف کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ بجٹ مناسب ہے اس کے پنجاب کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ آل پاکستان انجمن تاجران پاکستان کے صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جو کہ خوش آئند ہے۔ موجودہ صورتحال میں یہ بہترین بجٹ ہے۔ انجمن تاجران لنڈا بازار کے سیکرٹری نعیم بادشاہ‘ انجمن تاجران آٹو پارٹس مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار اے میاں‘ انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے صدر اعجاز بٹ‘ جنرل سیکرٹری وقار علی اور بادامی باغ لوہا مارکیٹ کے تاجر فاروق عاقل نے کہا کہ حکومت نے کاروبار دوست بجٹ پیش کیا ہے جس کے پنجاب کی مقامی تجارت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ معروف صنعتکار میاں محمد سعید کھوکھر نے پنجاب کے بجٹ کو متوازن بجٹ قرار دیا جس میں صنعتکاروں اور تاجروں کو مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق صدر اسلم بلال صوفی نے بجٹ کو تاجر اور صنعتکار دوست بجٹ قرار دیا اور کہا کہ اس سے اقتصادی انقلاب آ سکتا ہے۔