وزیر داخلہ نے اعلیٰ پولیس افسر کے رشتہ دار کو چیکنگ کیلئے روکنے پر معطل پولیس اہلکار بحال کردیئے، انعام دینے کا حکم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسر کے رشتے دار کو چیکنگ کیلئے روکنے پر عملے کو معطل کرنے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کو معطل کرنیوالے افسران بالا کی سخت سرزنش کی اور معطل پولیس اہلکاروں کی فوری طورپر انعام کے ساتھ بحالی کا حکم دیا۔ وزیر داخلہ نے واقعہ میں ملوث ایس پی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے ایس پی کے بھائی یاسر عباسی کی گاڑی پر کالے شیشے اتارنے اور کاغذات نہ دکھانے پر قانونی کارروائی کی تھی۔ ایس پی ارم عباسی مسلم لیگ (ن) کے ایبٹ آباد سے نومنتخب سینیٹر جاوید عباسی کی ہمشیرہ ہیں۔