کاغذات نامزدگی 15 جنوری تک واپس لئے جا سکیں گے، پنجاب اور سندھ میں شیڈول تبدیل

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے جاری کئے گئے شیڈول میں جزوی تبدیلی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور حتمی فہرست جاری کرنے کی تاریخوں میں توسیع کردی۔ اب امیدوار 12 جنوری کی بجائے 15 جنوری تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست اب 16 جنوری کو جاری کر دی جائے گی۔ ہفتہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق شیڈول میں جزوی ردوبدل سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے بارے میں صوبائی حکومتوں کی درخواست کی 13 جنوری کو سماعت ہونا ہے اور ممکن ہے کہ اس روز عدالت سے کوئی حکم صادر ہو جائے اس لئے ان تاریخوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔