ڈی آئی خان: قطر کے شہزادے کو غیرقانونی شکار پر 80 ہزار جرمانہ، 3باز برآمد

پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے کی حکومت نے کہا ہے کہ قطر کے ایک شہزادے کو غیرقانونی طور پر باز کا شکار کرنے پر 80 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ ماحولیات کے مشیر اشتیاق ارمڑ نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈاکٹر فہد نامی قطر کے ایک شہزادے کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں غیرقانونی طور پر شکار کرنے پر کارروائی کی گئی۔ اس کے قبضے سے تین باز بھی برآمد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی حکومت کی طرف سے کسی عرب ملک کے شہزادے کو غیرقانونی طور پر شکار کرنے پر جرمانہ کیا گیا ہے۔ ادھر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’قطری شہزادے کو جرمانہ کرنے سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ نئے اور پرانے پاکستان میں کیا فرق ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کی حکومت نایاب نسل کی پرندوں کی حفاظت کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ ن کی حکومت ان پرندوں کے شکار اور پکڑنے کی لائسنس جاری کررہی ہے۔