مردم شماری کا طریقہ کار، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کی تمام شرائط مسترد کردیں، ذرائع
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مردم شماری کے طریقہ کار سے متعلق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تمام شرائط مسترد کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری آڈٹ کے طریقہ کار سے متعلق 5 شرائط دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شرائط میں کہا گیا ہے کہ خاندان کے تناسب کے بجائے تمام افراد کو گنا جائے۔ آڈٹ میں اقوام متحدہ کی ٹیمپلیٹ استعمال کی جائے۔ مردم شماری کے نتائج کو مرحلہ وار آن لائن کیا جائے۔ ایک فیصد آبادی کے آڈٹ کیلئے ڈیموگرافر کا کمیشن تشکیل دیا جائے۔ چارٹرڈ اکائونٹنٹ سے آڈٹ نہ کرایا جائے، ان کے پاس تجربہ نہیں۔ 40 لاکھ سے زائد غیرقانونی مقیم افراد کو بھی گنا جائے۔ پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں کے قانون کی منظوری کیلئے شرائط رکھی ہیں۔