مسئلہ کشمیر کے حل کا کوئی شارٹ کٹ نہیں پاکستان بھارت قیادت جرأت دکھائے: امریکہ

 واشنگٹن/ نئی دہلی ( اے این این ) امریکہ نے کشمیر پر ثالثی کے امکان کو مسترد کر تے ہو ئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے حل کا کوئی شارٹ کٹ نہیں اس کیلئے پاکستان اور بھارت کو جرات دکھانا ہو گی۔ امریکی سٹیٹ ڈیپا رٹمنٹ کی ترجمان میر ی ہا رف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو تنازعہ کشمیرحل کرنے کیلئے جرات مندانہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادتوں کو زبردستی قائل نہیں کرسکتے یہ معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔میر ی ہا رف نے کشمیر پر امریکی ثالثی مسترد کر تے ہوئے کہا کہ امریکہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا کے ان دو نوں ملکوں کو اس کیلئے جرات دکھانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کا تسلسل جاری رہنا چاہئے۔