مہنگائی جاری‘ آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کر دیا‘ فلور ملز

لاہور (آئی این پی + این این آئی) رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کا سفر گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ پنجاب میں رمضان المبارک میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے عوام پر مہنگائی کا ’بم‘ برسا دیا ہے اور آٹے کے 20 کلو گرام کا تھیلا 25 روپے مہنگا ہو گیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق تھیلے کی ایکس مل قیمت 740 اور پرچون میں 760 روپے ہو گی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے اضافے کے بعد اکبری منڈی میں 50 کلو بوری کی قیمت 5200 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ رمضان سے قبل چینی کے 50 کلو تھیلے کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں بلال یاسین نے کہا کہ صوبہ بھر میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ آٹے کے نرخ برقرار رہیں گے، اضافے کی خبر قطعی بے بنیاد ہے۔