کور کمانڈرز کانفرنس آج ہو گی، طالبان سے مذاکرات کا جائزہ لیا جائیگا

راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ( آج) پیر کو جی ایچ کیو میں ہوگی ‘ اجلاس میں خاص طور پر طالبان سے جاری مذاکرات‘ خطہ کی صورتحال پیشہ وارانہ ا مور ‘ ملکی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران اعلیٰ فوجی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے کور کمانڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پیشہ وارانہ امور پر غور کیا جائے گا اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز اپنے اجلاس میں حکومت اور طالبان کی کمیٹیوں کے درمیان اب تک مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور خاص طور پر طالبان کی طرف سے عائد کی جانے والی بعض کڑی شرائط کا بھی جائزہ لیں گے۔ عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں کور کمانڈرز کی طرف سے ملکی سلامتی اور مفادات کو ہر قیمت پر فوقیت دینے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔